ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر ،کرنل پروہت سمیت حکومت کو نوٹس ؛ کرنل پروہت کی ضمانت عرضداشت کی این آئی اے نے بھی کی مخالفت

سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر ،کرنل پروہت سمیت حکومت کو نوٹس ؛ کرنل پروہت کی ضمانت عرضداشت کی این آئی اے نے بھی کی مخالفت

Sat, 29 Jul 2017 03:14:42    S.O. News Service

ممبئی 28جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)  مالیگاؤں ۲۰۰۸ ؍ بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزمین لیفٹیننٹ کرنل پرسادروہت اورسادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکرکے خلاف جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)کی جانب سے داخل کردہ عرضداشتوں پر آج سماعت عمل میں آئی جس کے دوران دورکنی بینچ نے سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر،کرنل شریکانت پروہت اور حکومت کو نوٹس جاری کیا اور ان سے دو ہفتوں کے اندرجواب داخل کرتے ہوئے معاملے کی سماعت ۱۴؍ اگست تک ملتوی کردی ۔

اس سے قبل قومی تفتیشی ایجنسی NIA نے ۳۰؍ صفحات پر مشتمل ایک تفصیلی حلف نامہ داخل کرکے ملزم کرنل پروہت کو ضمانت پررہا کیے جانے کی سخت لفظوں میں مخالفت کی تھی ۔متاثرین کی نمائندگی کرنے والی جماعت جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق سپریم کورٹ کی دورکنی بینچ کے جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس ابھے منوہر سپرے کی عدالت میں آج سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر اور کرنل شریکانت پروہت کے معاملوں میں داخل کردہ عرضداشت پر سماعت عمل میں آئی جس کے دوران قومی تفتیشی ایجنسی کی جانب سے سپریٹنڈنٹ آف پولس وشال گرگ نے کرنل پروہت کو ضمانت پر رہا کئے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت میں ایک حلف نامہ داخل کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں ملزم کے خلاف ثبوت وشواہد موجود ہیں اور وہ مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے کا کلیدی ملزم ہے لہذا اسے ضمانت پر رہا نہیں کیا جانا چاہیئے ۔

متاثرین کی نمائدگی کرنے کے لئے جمعیۃ علماء کی جانب سے مقرر کئے گئے وکلاء سابق ایڈیشنل سالسٹر جنرل آف نڈیا امرندن شرن ،ایڈوکیٹ گورو اگروال، ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول ،ایڈوکیٹ جارج تھامس،ایڈوکیٹ تانیا شری،ایڈوکیٹ مجاھد احمدودیگر موجود تھے جنہوں نے سادھوی کی ضمانت مسترد کرنے اور کرنل پروہت کو ضمانت پر نہ رہاکئے جانے کے تعلق سے اپنے دلائل تحریری طور پر عدالت کے سامنے پیش کیے۔

کرنل پروہت کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ ہریش سالوے آج عدالت میں موجودتھے۔آج عدالت کی کارروائی کے اختتام کے بعد ممبئی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار احمد اعظمی نے کہاکہ مالیگاؤں ۲۰۰۸؍بم دھماکہ معاملے کے متاثرین میں سے ایک نثار احمد سید بلال جن کا جواں سال فرزند سید اظہر دھماکوں میں شہید ہوگیا تھا کی جانب سے بطور مداخلت کار سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کی گئی تھی جسے گزشتہ سماعت پر ہی عدالت نے قبول کرلیا تھا ۔

گلزار احمد اعظمی نے کہا کہ ایک جانب جہاں جمعیۃ ملزم کرنل پروہت کی ضمانت کی مخالفت کرنے کے لئے کمر بستہ ہے وہیں ممبئی ہائی کورٹ کیجانب سے ضمانت پر رہائی کا پروانہ حاصل کرنے والی بھگوا دہشت گرد سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کر چکی ہے جسے عدالت نے سماعت کے لئے قبول کرتے ہوئے ملزمہ اور قومی تفتیشی ایجنسی سمیت مہاراشٹر حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے نیز گذشتہ ہفتہ دو رکنی بینچ نے دونوں عرضداشتوں کو یکجا کرکے سماعت کر نے کے احکامات جاری کئے تھے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی ہائی کورٹ کی دورکنی بینچ کے جسٹس نریش اگروال اور پرکاش نائیک نے ملزم کرنل پروہت کی یہ کہتے ہوئے ضمانت مسترد کردی تھی کہ بادی النظر میں ملزم کیخلاف پختہ ثبوت وشواہد موجود ہیں جس کے بعد ملزم نے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے لیکن اسی بینچ نے سادھوی کو مشروط ضمانت پر رہا کئے جانے کے احکامات جاری کیے تھے ۔

۲۹ ستمبر ۲۰۰۸؍ کو ہونے والے اس سلسلہ وار بم دھماکہ معاملہ میں ۶ ؍ مسلم نوجوان شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے تھے مقدمہ کی ابتدا ئی تفتیش انسداد دہشت گرد دستہ ( اے ٹی ایس ) نے آ نجہانی ہیمنت کرکرے کی سربراہی میں کی تھی اور پہلی بار بھگوا دہشت گردی پر پڑے پردے کو بے نقاب کیا تھا لیکن مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بننے کے بعد سے اس معاملے کی بلا وجہ تازہ تحقیقات کرنے والی قومی تفتیشی ایجنسی NIA نے بھگوا ملزمین کو فائدہ پہنچانے کا کام شروع کردیا اور اضافی فرد جرم داخل کرتے ہوئے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت دیگر بھگوا ملزمین کو راحت پہنچائی ۔


Share: